اسلام آباد: کرونا وائرس کے پیش نظر وزارت داخلہ نے پبلک ڈیلنگ سے متعلق دفاتر کو 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے سبب وزارت داخلہ کی جانب سے پبلک ڈیلنگ سے متعلق دفاتر کو 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں نادرا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، سی ڈی اے ون ونڈو سمیت دیگر دفاتر شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق فیصلے کے تحت تمام دفاترز میں خواتین کو حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ ڈے کیئر سینٹرز، بیوٹی سیلونز، جمز، کلبز کو بھی فوری بند کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، سیکریٹریز کی سطح کے افسران کو فاصلہ رکھنے کی پالیسی پر میل جول کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مستند کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 326 ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کھانا لے جانے پر پابندی نہیں ہوگی، بیوٹی پارلر، پراپرٹی کے دفاتر بند ہوں گے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی بند رہے گا۔
واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مستند کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 326 ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث 2 اموات ہوئی ہیں، دونوں انتقال کرجانے والے مریضوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کرونا کے مریضوں کی تعداد بڑھے گی بھی اور کم بھی ہوگی، لوگ صحت یاب بھی ہوں گے، مریضوں کی تعداد صوبوں کے ذریعے آرہی ہیں، نیشنل ڈیش بورڈ بن گیا ہے جس سے صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔