اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچنے والی قیدیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے 1100 قیدیوں کو پاکستان منتقل کیا گیا، اب انہیں پاکستانی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’منشیات میں ملوث 22 اور قتل میں ملوث 8 قیدیوں کوسعودی عرب سے وطن واپس نہیں لایا جاسکا‘۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع
انہوں نے کہا کہ ’وزیر اعظم سے ایک ارب روپے فنڈز کی درخواست کی ہے، اگر یہ رقم مل گئی تو معمولی جرائم میں ملوث 2005سے سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانی قیدیوں کے جرمانے ادا کیے جائیں گے، جس سے انہیں رہائی مل سکتی ہے‘۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ ’سعودی عرب سے ہونے والے معاہدے کے مطابق چھوٹےجرائم میں ملوث قیدیوں کو سعودی عرب سے واپس لاکر پاکستانی جیلوں میں منتقل کرنا ہے‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورۂ پاکستان سے قبل سعودی عرب میں تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر بلال اکبر نے بتایا تھا کہ عمران خان کے دورے کے دوران سعودی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور پاکستان منتقلی کا معاملہ اٹھایا جائے گا، امید ہے سیکڑوں قیدی عید سے قبل وطن واپس پہنچ جائیں گے۔