کراچی: انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی میں نتائج میں ہیرا پھیری اور مالی بے قاعدگیوں پر سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی میں نتائج میں ہیرا پھیری اور مالی بے قاعدگیوں پر تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے چیئرمین نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون ہوں گے، ممبران میں اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور ڈائریکٹر محکمہ اینٹی کرپشن شامل ہیں۔
یہ کمیٹی سالانہ امتحانات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی تحقیقات کرے گی، اور ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف ذمہ داری کا تعین کرے گی، یہ کمیٹی آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کے سلسلے میں تجاویز بھی پیش کرے گی۔
کمیٹی کو 14 روز میں تحقیقات کر کے چیف سیکریٹری کے ذریعے وزیر اعلیٰ سندھ کو سفارشات پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ رواں برس انٹرمیڈیٹ بورڈ کے اندر سالانہ امتحانات کے حوالے سے کچھ سنگین نوعیت کی شکایات سامنے آئی تھیں جن کا سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم نے خصوصی نوٹس لیا تھا۔