دنیا بھر میں آج شہری ہوا بازی کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد مسافروں کو محفوظ ترین سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ہوا بازی کے اہم شعبے کو جدید خطوط استوار کرنا ہے۔
دور جدید میں فضائی سفر کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ ہوائی سفر نے دنوں کے فاصلوں کو سمیٹ کر رکھ دیا ہے۔ شہری ہوا بازی کی عالمی تنظیم 7 دسمبر 1944 کو قائم کی گئی جس کے تحت ہر سال ہوا بازی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
پاکستان کی سول ایو ی ایشن اتھارٹی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام نہیں دے پا رہی۔ مختلف ایئرپورٹس پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔
مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے 8 حیرت انگیز حقائق
اس کے ساتھ رات کے اوقات میں مختلف ایئرپورٹس پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران لیزر لائٹس مارنے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں جو کہ طیاروں کے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر عامر محبوب کا کہنا ہے کہ ملک میں شہری ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں مختلف ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آتی ہیں۔ اکثر ایئر پورٹ پر جہازوں سے دوران پرواز پرندوں کے ٹکرانے کے خطرات لاحق رہتے ہیں۔
رواں سال پی آئی اے سمیت غیر ملکی طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 73 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: جہاز میں کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟
اس کے ساتھ ہی ملک کے بڑے ایئرپورٹ کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور ایئرپورٹ پر رات کے دوران لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت جہازوں پر لیزر لائٹس مارنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
پالپا کے صدر کیپٹن خالد حمزہ نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرندوں کے خاتمے کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کرنے ہوں گے۔
رات کے وقت اکثر طیاروں سے لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران طیاروں کو لیزر لائٹ مارنا انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔ ان کی روک تھام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو اقدامات کرنا ہوں گے۔