کراچی : شارجہ سے ڈھاکا جانیوالی پرواز میں مسافر انتقال کرگیا، جس کے باعث غیرملکی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں اچانک مسافر کی طبیعت خراب ہوئی ، 42سالہ مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی۔
ایئرٹریفک کنٹرولرکراچی کی اجازت سے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی، سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے معائنہ کیا تو مسافر کا انتقال ہوچکا تھا۔
غیرملکی ایئرلائن کی پرواز شارجہ سے ڈھاکا جارہی تھی، ترجمان سی اےاے نے بتایا کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ایئرلائن کے حوالے کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز پونے 2 گھنٹے کراچی ایئرپورٹ پر موجود رہی اور طیارہ صبح سوا 6 بجے میت لے کر کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوا۔