اے آر وائی نیوز کی خبر پر چیئرمین بلدیہ ٹاون عبدالکریم آسکانی نے نوٹس لیتے ہوئے انٹرنیشنل کک باکسر رابعہ نور کو آذربائجان میں ہونے والی چیمپئن شپ کے لئے اسپانسر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کک باکسر، گولڈ میڈلسٹ اور ایشیئن چیمپئن رابعہ نور جو کہ متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں، آئندہ ماہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والی "بلڈ ٹو بلڈ” انٹرنیشنل چیلنج فائٹ میں شرکت کریں گی۔
بلدیہ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی رابعہ نور، جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، کو چیئرمین بلدیہ ٹاؤن عبدالکریم آسکانی نے اسپانسر کر دیا ہے۔
چیئرمین کی جانب سے رابعہ نور کو ائیر ٹکٹ اور دیگر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی تا کہ وہ 10 مئی کو ہونے والی فائٹ میں بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوں۔
اس موقع پر چیئرمین عبدالکریم آسکانی نے کہا ہم اپنی بیٹیوں اور خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں، رابعہ نور جیسے باصلاحیت کھلاڑی ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں اور ہم ان کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے چیئرمین کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر ادارے بھی اسی جذبے کے تحت خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔