آج دنیا بھر میں عالمی یوم مادری زبان منایا جا رہا ہے کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں اور پاکستان میں کتنی زبانیں بولی جاتی ہیں۔
آج دنیا بھر میں مادری زبان کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کی قومی زبان تو اردو ہے لیکن ہمارا ملک ایک کثیر الثقافتی ملک ہے جس میں مختلف ثقافتیں اور مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں۔
ماہرین لسانیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مختلف لہجوں کے فرق سے 74 زبانیں بولی جاتی ہیں۔
ان زبانوں میں سندھی، پنجابی، پشتو، بلوچی، کشمیری اور سرائیکی زبانیں زیادہ مشہورہیں جب کہ ان کے علاوہ ہندکو، براہوی، گجراتی اوربعض دوسری علاقائی زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا میں مجموعی طور پر 6 ہزار 809 زبانیں بولی جاتی ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعداد میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں بولی جانے والی 537 زبانیں تو ایسی ہیں جن کے بولنے والے صرف 50 کے قریب رہ گئے ہیں۔ 46 زبانیں مکمل ختم ہونے کو ہیں۔
چین کی منڈری زبان دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔ اس کے بعد دوسرا نمبر انگریزی زبان کا ہے۔ دنیا میں 32 کروڑ افراد کی مادری زبان انگریزی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 35 کروڑ افراد اپنی مادری زبان کے علاوہ انگریزی زبان روانی سے بولتے ہیں اور اس سے کہیں زیادہ افرد ضرورت کے مطابق انگریزی زبان سمجھتے ہیں۔
اردو اور ہندی معمولی فرق سے لگ بھگ ایک ہی طرح سے بولی جاتی ہیں۔ اگر ان کو ایک ہی زبان تصور کیا جائے تو دنیا میں تیسری سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان اردو ہے۔ اس کے علاوہ ہسپانوی اور عربی زبانوں کا شمار بھی دنیا میں بولی جانے والی بڑی زبانوں میں ہوتا ہے۔