واشنگٹن: اوباما دور کی حساس دستاویزات نیشنل آرکائیو نہ بھیجنے پر صدر بائیڈن کے خلاف تحقیقات شروع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر بائیڈن کے گھر سے کلاسیفائیڈ دستاویزات ملنے پر تحقیقات شروع کر دی گئی، بائیڈن انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے خصوصی کونسل کو نامزد کر دیا ہے۔
ایوان نمائندگان کے اسپیکر مک کارتھی نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے لیے الگ اور بائیڈن کے لیے الگ قانون نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے ڈیلاویئر میں گھر سے کلاسیفائیڈ دستاویزات ملنے کی تصدیق کی تھی، صدر بائیڈن نے اوباما دور کی حساس دستاویزات نیشنل آرکائیو نہیں بھیجی تھیں۔
اس سے پہلے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے بھی حساس دستاویزات ملنے پر امریکی محکمہ انصاف کی تحقیقات جاری ہیں، ایف بی آئی نے فلوریڈا میں سابق صدر ٹرمپ کے گھر پر دستاویزات کے لیے چھاپا مارا تھا۔
ریپلکن رہنما ساجد تارڑ نے کہا دستاویزات کی برآمدگی سے ڈیموکریٹ کا ڈبل اسٹینڈرڈ سامنے آ چکا ہے، ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ تحقیقات کے لیے خصوصی کونسل نامزد کر چکی ہے۔