اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اراکین مراد سعید اور جاوید لطیف میں جھگڑے کا معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ اسپیکر اسمبلی کو پیش کردی ہے۔ کمیٹی نے جاوید لطیف کے ایوان پر آنے پر 8 دن جبکہ مراد سعید پر 2 دن کی پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ہدایت پر بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے قومی اسمبلی کی راہداری میں تحریک انصاف کے رکن مراد سعید اور مسلم لیگ ن کے رکن جاوید لطیف کے درمیان ہونے والی جھگڑے میں دونوں کو قصور وار قرار دیا ہے۔
اپنی رپورٹ میں کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ جاوید لطیف پر 8 دن جبکہ مراد سعید پر 2 دن کے لیے ایوان میں آنے پر پابندی لگائی جائے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پیش کردی ہے جو اس فیصلے کا حتمی اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ن لیگ کے رکن اسمبلی جاوید لطیف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو غدار کہا جس پر تحریک انصاف نے شدید احتجاج کیا۔
اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اراکین ایوان سے باہر آئے تو مراد سعید اور جاوید لطیف میں زبانی جھڑپ ہوگئی جو بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دوران جاوید لطیف نے مراد سعید کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔
Footage: #PMLN, #PTI brawl during NA session#MuradSaeed #JavedLatif pic.twitter.com/OqTIdVG1qO
— ARY Videos (@ARYVideos) March 9, 2017
بعد ازاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ایسی تقریبات میں شرکت سے گریز کی ہدایت کردی تھی جہاں جاوید لطیف کو مدعو کیا گیا ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسی غیر اخلاقی حرکات کرنے والے افراد پر عوامی اجتماعات میں آنے پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔