لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے جنوبی افریقہ کے اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے نومنتخب چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو خوش کرنے کے لیے سلیکشن کی گئی ہے، اس سلیکشن کا کوئی نظریہ نہیں ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ یہ اسکواڈ کہیں بھی جیتنے کی اہلیت نہیں رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے گزشتہ روز چیف سلیکٹر محمد وسیم نے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز، قومی اسکواڈ کا اعلان
قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے،محمد رضوان ، عابدعلی، عمران بٹ، اظہرعلی، فوادعالم ، سرفراز احمد ، یاسرشاہ، عبداللہ شفیق، آغاسلمان ، سعود شکیل ،حسن علی ،کامران غلام، ساجد خان، حارث رؤف ، محمدنواز، نعمان علی، فہیم اشرف ، شاہین آفریدی اور تابش خان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔