کراچی: ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے والے انضمام الحق نے تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان انضمام الحق تین سال چیف سلیکٹر رہے لیکن فواد عالم کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا، آج فواد عالم نے سنچری اسکور کی تو انضمام الحق بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔
انضمام الحق نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں دوسرے دن کے ہیرو فواد عالم ہیں، ان کی سنچری سے پاکستان جیتنے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔
واضح رہے کہ جب انضمام چیف سلیکٹر تھے تو ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم اچھا کھلاڑی ہے لیکن گزشتہ تین سال سے دیگر کھلاڑی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ: فواد عالم کی ہوم گراؤنڈ میں تاریخی سینچری
ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر اوسط پر ہی قومی ٹیم کے کیمپ میں طلب کیا گیا تھا لیکن نیٹ میں ہم نے سعد علی کو بہتر پایا اور کوچنگ اسٹاف نے ان کے حق میں متفقہ فیصلہ دیا۔
قومی ٹیم میں امام الحق کی شمولیت اور فواد عالم کو نظر انداز کرنے پر انضمام الحق کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل فواد عالم نے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سینچری اسکور کی تھی، فواد عالم کی اس سینچری نے کئی ریکارڈ پاش پاش کئے تھے۔