لاہور : سابق کپتان اور کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق آج بروز بدھ لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس میں اپنے مستقبل کے حوالے سے اعلان کرکے قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ سلیکشن معاملات پر شریک رہنے اور پھر نجی دورے پر چیریٹی کیلئے فنڈز جمع کرنے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق گزشتہ روز لاہور پہنچے۔
پی سی بی نے اعلان کیا کہ ہے بدھ کو دوپہر ڈھائی بجے انضمام الحق لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اگر وہ خود استعفیٰ دیتے ہیں تو ورلڈ کپ کے بعد وہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں عہدہ چھوڑنے والے پہلے اہم اور طاقتور شخص ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اپنے مستقبل کے بارے میں پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی قومی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد ختم ہوگئی ہے، پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی کیلئے نئے لوگوں کا
تقرر کرنا چاہتا ہے۔
اس کے علاوہ29 جولائی کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس سے قبل انضمام الحق اپنی پریس کانفرنس میں شکست کے اسباب پر بات کریں گے اور اپنے مستقبل کے بارے میں اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ تین سال قبل انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی۔
تاہم ان کی سلیکشن اور جانب داری پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بار بار بات کرتے رہے ہیں۔ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر عہدے کی معیاد اپریل میں ختم ہوگئی تھی انہیں ورلڈ کپ تک توسیع دی گئی تھی۔