لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان دوسرے ٹیسٹ کے دوران کریں گے، مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کی اچھی کارکردگی پر تعریف ہوئی، ہمارا ایک ٹورنامنٹ برا گیا، مجھے تمام لڑکوں پر یقین ہے، کوشش کریں گے جہاں کمی رہ گئی ہے وہاں محنت کریں۔
انہوں نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میچ ڈرا نہیں ہونا چائے تھا پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں نے محنت کی مگر آسٹریلیا نے اچھی بیٹنگ کی، ہمارے بولرز نے اہم وکٹیں لیں، ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں حفیظ اور حارث سہیل نے اچھی بیٹنگ کی، یاسر شاہ نے زیادہ وکٹیں نہیں لیں ان سے زیادہ اچھی بولنگ کی توقع تھی وہ ان وکٹوں پر ہمارے اہم بولر ہیں، یقین ہے اگلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی کارکردگی میں نکھار آئے گا۔
فاسٹ بولر محمد عباس کی تعریف کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ محمد عباس نے دونوں اننگز میں اہم وکٹیں حاصل کیں، ابھی وہ ٹیسٹ میچز میں زبردست پرفارم کررہے ہیں، کاؤنٹی میں بھی عباس نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔
انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ میں ورلڈ کپ کھیلنا ہے وہ ہمارے پلان میں شامل ہے، محمد عباس انگلش کنڈیشنز میں اہم کردار ادا کریں گے، ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ آسٹریلوی اوپنر بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔