معروف امریکی کمپنی ایپل اپنے نئے اور کم قیمت آئی فون ایس ای 4 کو اسی ہفتے متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایپل کمپنی 19 فروری کو سال کا سب سے سستا آئی فون متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔ ایپل کے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے گزشتہ کافی عرصے سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی تھیں۔
ایپل کی جانب سے اس کا باضابطہ طور پر اعلان تو نہیں کیا گیا مگر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ ’صارفین ہماری فیملی کے نئے رکن سے ملنے کے لیے تیار ہوجائیں‘۔
یاد رہے کہ یہاں "خاندان” سے مراد ایپل کی ڈیوائسز کی رینج ہے۔ اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سی ڈیوائس لانچ ہو رہی ہے لیکن انہوں نے 19 فروری کو ایک اعلان کی تصدیق کر دی ہے۔
آئی فون ایس ای 4 کے متوقع فیچرز اور ڈیزائن
لیک ہونے والی تفصیلات کے مطابق ایس ای 4 کا ڈیزائن پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور جدید ہوگا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی آئی فون ایس ای میں ہوم بٹن موجود نہیں ہوگا اور اس کا ڈیزائن آئی فون 14کی طرز پر فل اسکرین ہوگا۔
نئے فون میں فرنٹ کیمرہ ایک نوچ میں ہوگا اور چہرے کی شناخت کے لیے فیس آئی ڈی بھی سپورٹ کرے گی، مختلف افواہوں کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے بھی ہوگا۔
مختلف لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان ہے۔اسی طرح فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔
پہلی بار ایس ای سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ صارفین کو دستیاب ہوگی جبکہ ایپل کی جانب سے پہلی بار خود تیار کیے گئے موڈیم کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، مگر اس حوالے مصدقہ طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔