بھارت کے سابق بولنگ آل راؤنڈر عرفان پٹھان کے بعد مزید 2 معروف کمنٹیٹرز کو انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹری پینل سے نکال دیا گیا۔
انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کا 18 واں ایڈیشن جاری ہے تاہم یہ اپنے میچز سے زیادہ متنازع معاملات کی وجہ سے خبروں کا مرکز ہے۔
آئی پی ایل کے آغاز سے قبل عرفان پٹھان کو اچانک کمنٹری پینل سے نکالے جانے اور ٹورنامنٹ کے آغاز کے ساتھ ہی میچ فکسنگ کی بازگشت اور بی سی سی آئی کی وارننگ کے بعد گزشتہ روز ایک فرنچائز پر میچ فکسنگ کا الزام عائد ہو چکا ہے۔
ابھی ان تنازعات کی گرد تھمی نہ تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ایڈن گارڈنز میں کھیلےجانے والے باقی میچز سے عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ہارشا بھوگلے اور سائمن ڈول کو کمنٹری پینل سے نکال دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس کی وجہ دونوں کمنٹیٹرز کا پچ کیوریٹرز پر تنقید کرنا بنا ہے۔
رپورٹ کے دونوں تجزیہ کاروں نے ایڈن گارڈنز کے پچ کیوریٹرز کے حوالے سے جن خیالات کا اظہار کیا تھا اس پر کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال شدید ناراض ہوئی تھی اور اس کے سیکریٹری نریش اوجھا نے بی سی سی آئی سے دونوں کمنٹیٹرز کو کمنٹری پینل سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
بی سی سی آئی نے اس شکایت پر انہیں ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شیڈول آئندہ تمام میچز میں کمنٹری پینل سے خارج کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگوع میں ہارشا بھوگلے نے کہا کہ اگر کولکتہ نائٹ رائیڈرز گھر پر کھیل رہی ہے تو ان کو وہ ٹریک ملنے چاہیئں جس کے متعلق ٹیم کا خیال ہے کہ ان کے بولرز کے لیے مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔
سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ اگر اجنکیا رہانے کی ٹیم (کولکتہ نائٹ رائیڈرز) کو ایڈن گارڈنز کے کیوریٹرز کی جانب سے سپورٹ نہیں مل رہی تو ان کو نیا ہوم گراؤنڈ ڈھونڈنا چاہیے۔