کولکتہ: آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی جانب سے ریان پراگ نے لگاتار 6 بالز پر چھ چھکے لگا کر منفرد کارنامہ سرانجام دے دیا۔
ریان پراگ نے یہ اعزاز ایڈن گارڈنز میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔
شمرون ہٹمائر نے 13 ویں اوور کی پہلی بال پر معین علی کی گیندپر سنگل لے کر پراگ کواسٹرائیک دی، جنہوں نے اگلی 4 بالز پر لانگ آن اور اسکوائر لیگ باؤنڈری کی طرف چھکے لگائے۔
مزید چھکوں سے بچنے کیلیے معین علی نے وائیڈ بال کرائی، مگر فائدہ نہیں ہوا کیونکہ اگلی گیند پر پراگ نے لانگ آف پر چھکا لگا دیا۔
ہٹمائر نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر سنگل لے کر پھر اسٹرائیک پراگ کو دی، جنہوں نے ورون چکرورتی کو ریوس سوئپ پر چھکا لگا کر اپنی 6 قانونی بالز پر 6 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرلیا، بدقسمتی سے ان کی ٹیم راجستھان رائلزایک رن سے یہ میچ ہار گئی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کو اہمیت دینے پر سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن انگلینڈ کرکٹ بورڈ پر برس پڑے اور آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بھارت میں جاری کرکٹ لیگ آئی پی ایل متنازع ہوتی جا رہی ہے۔ ایک جانب رواں سیزن میں میچ فکسنگ کی خبریں گردش کر رہی اور کھلاڑیوں کے تنازعات اور جھگڑے میڈیا کی زینت بن رہے ہیں تو دوسری جانب غیر ملکی سابق کرکٹرز بھی اس حوالے سے آواز اٹھا رہے ہیں۔
ان میں سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن بھی شامل ہیں جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو اہمیت دینے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ پر برس پڑے اور انہوں نے جیکب بیتھل کو ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے آئی پی ایل کی اجازت دینے پر بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
مائیکل ایتھرٹن کا موقف ہے کہ بیتھل ای سی بی کے سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل ہیں، اس لیے انہیں ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہونا چاہیے تھا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنے موقف پر قائم رہنا چاہیے۔
ملتان سلطانز کے بیٹنگ کوچ نے پشاور زلمی سے شکست پر کیا کہا؟
واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ 22 مئی سے زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔ تاہم کئی انگلش کھلاڑی آئی پی ایل میں مصروفیت کے باعث قومی ذمہ داری ادا نہیں کریں گے۔