انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے آئی پی ایل فرنچائز پر پیٹ کمنز اور محمد شامی جیسے بولرز کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سن رائزر حیدرآباد اور لکھنؤ جائنٹس کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد مائیکل وان کا یہ بیان سامنے آیا ہے، اس میچ میں سن رائزز حیدرآباد نے 190 رنز کا ہدف دیا تھا جسے لکھنؤ کی ٹیم نے ہنستے کھیلتے 17 ویں اوور میں ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔
اس شکست کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے انگلینڈ کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم حیدرآباد کی بیٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہیں کہ وہ بڑے اسکورز بناتے ہیں لیکن انھیں بیٹنگ کے علاوہ بولرز کا خیال رکھنا ہوگا کہ ان کے بولرز اپنا اعتماد نہ کھو دیں۔
وان نے کہا کہ ان کے بولرز اس روڈ پر بولنگ کررہے ہیں، آپ ان کے بولرز کے اعداد و شمار دیکھیں، پیٹ کمنز اور محمد شامی جیسے بولرز کو اتنی مار پڑرہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایڈم زامپا کو بھی بیٹرز نے بری طرح دھویا، اس لیے آپ کو اپنے بولنگ اٹیک کے حوالے سے کافی محتاط رہنا ہوگا۔
مائیکل وان نے کہا کہ اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے بولرز ہوم وینیو پڑ صرف کسی سڑک پر بولنگ نہ کریں، ٹیم چاہے گی کہ وہ پرفارمنس دکھائیں مگر وہ ڈیلیور نہیں کرسکیں گے کیوں کہ ان میں اعتماد کی کمی ہوگی۔