ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

اقرا اور یاسر کا گھر پر ولیمہ، مستحق افراد میں کھانا تقسیم

اشتہار

حیرت انگیز

معروف اداکاروں اقرا عزیز اور یاسر حسین نے دھوم دھام سے اپنی شادی کے بعد ولیمے کی تقریب نہایت سادگی سے انجام دی، ولیمے کا کھانا مستحق افراد میں تقسیم کیا گیا۔

معروف اداکار اقرا عزیز اور یاسر حسین 28 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ان دونوں کا سادگی سے ولیمہ منعقد ہوا۔

اقرا کی بہن سدرہ عزیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ولیمے کی تقریب گھر پر منعقد ہوئی جس میں خاندان کے قریبی افراد اور چند دوستوں نے شرکت کی۔

سدرہ کے مطابق دونوں نے اپنے ولیمے کا کھانا مستحق افراد میں تقسیم کیا۔ تقریب بمشکل چند گھنٹے کی تھی۔

اس موقع پر دونوں کی سامنے آنے والی تصاویر کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا۔

شادی کے اگلے روز یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہوں نے اپنی شادی نہایت سادگی سے انجام دی۔

یاسر نے لکھا تھا کہ ’ہم نے ایک دوسرے کے گھر والوں کو کوئی غیر ضروری تحفے نہیں دیے، جہیز نہیں لیا، بری نہیں بنی۔ فضول زیورات پر پیسے خرچ نہیں کیے، نکاح خواں کے 8000 اور کھانا حسب استطاعت، شادی بس یہی ہے، اپنے گھر والوں پر رحم کریں اور شادی کو آسان بنائیں‘۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ اپنے گھر میں ہی شادی کرنا چاہتے تھے تاہم جگہ کم ہونے کی وجہ سے تقریب باہر منتقل کرنی پڑی۔

دونوں اداکاروں کی سادگی کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے اور انہیں دوسرے اداکاروں کے لیے بھی قابل تقلید مثال سمجھا جارہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں