اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے پیر کو قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کا خصوصی بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر این ای سی کا اجلاس تیس مئی کو شام سوا پانچ بجے طلب کرلیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی تیس مئی کو شام ساڑھے چھ بجے ہوگا، این ای سی اجلاس میں مجوزہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور پی ایس ڈی پی پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جو اس وقت لندن میں دل کے ایک آپریشن کے سلسلہ میں قیام پذیر ہیں، حکومتی امور کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور عملہ کے دیگر ا رکان ملکی امور کی انجام دہی میں ان کی مکمل معاونت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں وزیراعظم کو معمول کے ملکی امور سے متعلق آگاہ رکھا جا رہا ہے اور متعلقہ شعبوں کو ان کی ہدایات من و عن پہنچائی جا رہی ہیں۔