ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، دوافراد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

تہران : ایران کے دارالحکومت تہران کے نزدیک دماوند شہر میں گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ کے باعث دو افراد جاں بحق جبکہ 23زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر دماوند میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، زلزلے میں دوافراد جاں بحق ہوگئے۔

ایرانی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 48 منٹ پر تہران سے 69 کلومیٹر دور دماوند علاقے میں آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے البرز، قم، قزوین اور مازندران صوبے میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے باعث لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں سے نکل کر کھلے میدانوں، پارکوں اور بڑی شاہراہوں کی جانب چلے گئے تھے۔

ایران کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ترجمان کے مطابق زلزلے سے ایک 60 سالہ شخص اپنی جان بچانے کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے اور ایک 21 سالہ خاتون حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئیں۔

مختلف مقامات پر زلزلے کی وجہ سے کم از کم 23 افراد بھی زخمی ہو گئے، اطلاعات کے مطابق تہران کے مغربی علاقے سے پانچ اور گیلاوند شہر سے چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران کسی محفوظ مقام پر جانے کے دوران یہ افراد زخمی ہو گئے۔ سینٹر نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز 35.777 ڈگری شمالی عرض بلد اور 52.045 ڈگری مشرقی طول بلد میں زمین کی سطح سے سات کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ ایران میں کل رات آنے والے زلزلے کے بعد اسپتالوں، امدادی ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں