ایرانی فورسز کی جانب سے مختلف صوبوں میں کارروائیوں کے دوران داعش کے 14 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاریاں تہران، البروز، فارس اور خوزستان سے کی گئی ہیں۔
خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے داعش خراسان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد فارس اور باقی 7 دیگر تین صوبوں سے حراست میں لئے گئے ہیں۔
ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملزمان دہشتگرد حملے کے ارادے سے چند روز پہلے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق تحقیقات سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیل کو مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر علی فدوی نے کہا کہ بچوں کے قتل میں ملوث اسرائیلی حکومت نے ایرانی سرزمین پر اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا، اس کا اسرائیل کو مناسب وقت اور جگہ پر مناسب جواب دیں گے۔
’اب غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا وقت آگیا‘
ڈپٹی کمانڈر کا کہنا تھا کہ مناسب وقت پر اسرائیل کو حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی سزا دی جائے گی۔ علی فدوی نے کہا کہ ”ایرانی جواب کے انتظار کی وجہ سے اسرائیل میں جو افراتفری مچی ہوئی ہے وہ ان کے لیے موت سے زیادہ مشکل ہے، وہ دن رات ہمارے حملے کا انتظار کر رہے ہیں۔“