قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قطر اور سعودی عرب کے سفیروں سے ہنگامہ طور پر ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے قطر کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قطری سفیر نے وزیراعظم کے فوری رابطے اور اظہار یکجہتی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے بھی ہنگامی طور پر ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے دوران گفتگو مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن سفارتی کوششوں پر زور دیا۔
شہباز شریف نے سعودی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کا عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے خطے کے قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے امن کیلئے پاکستان، سعودی عرب اور قطر کے قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں : ایران کے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملے
واضح رہے کہ ایران نے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ ایرانی میزائلوں کے داغے جانے کے بعد دوحا میں دفاعی نظام متحرک کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر 6 اور عراق میں ایک میزائل داغا ہے۔ قطر نے پہلے ہی اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔