بدھ, اکتوبر 2, 2024
اشتہار

ایران نے اسرائیل پر میزائلوں سے حملہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں میزائل فائر کر دیے جس میں متعدد میزائل نشانے پر لگنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے اسرائیل پر 400 میزائل داغے گئے ہیں اور ایرانی میزائلوں نے تل ابیب میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی آئرن ڈوم حملہ روکنے میں ناکام رہا ہے اور متعدد ایرانی میزائل نشانے پر جا لگے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں کو آئرن ڈوم سسٹم کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔

- Advertisement -

غیرملکی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ پروجیکٹائل کی دوسری لہر اردن کے اوپر سےگزر رہی ہے اردن کے آسمان سے میزائلوں کی دوسری لہر اسرائیل کی جانب بڑھ رہی ہے۔

ایرانی حملوں کے پیش نظر اسرائیل اور اردن نے سویلین طیاروں کیلئے فضائی حدود بند کر دی

امریکی صدر

امریکی صدر جوبائیڈن نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے مختصر بیان میں جوبائیڈن نے کہا کہ امریکا ایران کےحملوں کےجواب میں اسرائیل کی مدد کےلیے تیار ہے خطےمیں امریکی فوج کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

بائیڈن نے ایکس پر نائب صدر کملا ہیرس اور وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کے بارے میں کہا کہ ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ امریکا اسرائیل کو ان حملوں کے خلاف دفاع اور خطے میں امریکی اہلکاروں کی حفاظت میں کس طرح مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاسداران انقلاب

ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ، حسن نصر اللہ کی شہادت کا ردعمل ہے۔

ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایرانی خود مختاری کی خلاف ورزی کا جواب دیا گیا ہے، اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو یہ نہ سمجھے میزائل حملہ ختم ہوگیا ہے۔

ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کیخلاف ایران نے کارروائی کی ہے، ایرانی شہریوں اور مفادات کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو جواب دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کا اہم فیصلہ

ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد پی آئی اے نے اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا۔

اس متعلق پی آئی اے نے ایئرلائن  کے تمام کپتانوں اور فلائٹ آپریشن کو احکامات جاری کر دیئے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دئیے جا رہا ہے اور جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی، ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے 2 کوریڈور استعمال کرتا ہے ناردرن کوریڈور جس میں کینیڈا، ترکی جانیوالی پروازیں اس روٹ کو استعمال کرتی ہیں اور سدرن کوریڈور یواےای، بحرین، دوحہ  اور سعودی عرب کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

موساد کا ہیڈکوارٹر نشانہ

ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ وسطی تل ابیب میں موساد کے ہیڈ کوارٹر کو ایران کے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

پریس ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تل ابیب کے مرکز میں واقع اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر کو مبینہ طور پر ایرانی میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ 400 کے قریب بیلسٹک میزائل اسرائیل کی جانب فائر کی گئے جس میں 80 فیصد میزائلوں نے ٹارگٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ٹینک بھی میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔

قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں