ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات پر شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جوہری ہتھیاروں پر مذاکرات کے دوسرے دور سے ایک دن پہلے امریکی ارادوں پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کیساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں امریکی فریق کے ارادوں اور محرکات پر شکوک وشبہات ہیں ہم پھر بھی کل ہونےوالے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم ایران کے جوہری پروگرام کے پُرامن حل کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اور روسی صدر کی ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات سے متعلق مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عباس عراقچی نے صدر پوتن کو ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا پیغام بھی پہنچایا۔
واضح رہے کہ عباس عراقچی گزشتہ روز ماسکو پہنچے تھے جہاں وہ اعلیٰ روسی حکام سے بات چیت اور مشاورت کریں گے۔