امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ایٹم بم بنانے کی صلاحیت سے صرف ایک یا دو ہفتے دور ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ ٹونی بلنکن نے کولوراڈو میں سیکیورٹی فورم سے خطاب میں کہا ہے کہ ایران نے ابھی جوہری ہتھیار نہیں بنائے ہیں تاہم وہ جوہری بم بنانے کے لیے درکار مواد ایک یا دو ہفتے میں تیار کر سکتا ہے۔
ٹونی بلنکن نے کہا کہ ایران کی جوہری قابلیت کے حوالے سے خبریں نئے ایرانی صدر مسعود شکیان کے انتخاب کے بعد آئی ہیں اور ہم نے پچھلے چند ہفتوں اور مہینوں میں ایران کے جوہری معاملات کو آگے بڑھتے دیکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری پیش قدمی کی ذمے داری ان فیصلہ سازوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے امریکا کو جوہری معاہدے سے نکالا۔
امریکی وزیرخارجہ نے اس بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے امریکا کی حکمت عملی کیا ہوگی۔
واضح رہے کہ سابق صدر اوباما کے دور اقتدار میں امریکا کی زیر قیادت 2015 میں ایرانی سے جوہری معاہدہ کیا گیا تھا تاہم ٹرمپ نے صدر منتخب ہونے کے بعد 2018 میں امریکا کو اس معاہدے سے باہر نکال لیا تھا۔