ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران وہ نہیں جس پر غلبہ حاصل کرلیا جائے، امریکا کی مدد کے بغیر اسرائیل ایک روز بھی ایران کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا ہے مگر خود فریبی کا شکار امریکا کے صدر ٹرمپ کو یہ علم ہونا چاہیے کہ ایرانی قوم مغربی اقوام جیسی نہیں کہ اس پر غلبہ حاصل کرلیا جائے اور من مانی چیزوں کو تھونپ دیا جائے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ ایران پر امن کی شرطیں تھونپی نہیں جاسکتیں اور نہ ہی ایران کو دباوؤ کا شکار کیا جاسکتا ہے، ایران نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ اِی کا اہم بیان:
سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ اِی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا امریکا سے مدد مانگنا اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، صہیونی حکومت کے امریکی دوست منظر میں داخل ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت کے امریکی دوست ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو صہیونی حکومت کی کمزوری اور نااہلی کو ظاہر کرتی ہیں۔
ماجد خادمی پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کے نئے سربراہ مقرر:
ایران کی جانب سے ماجد خادمی کو پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا نے ماجد خادمی کو پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کا نیا سربراہ بنائے جانے سے متعلق اطلاعات دی ہیں۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنرل ماجد خادمی وزارتِ دفاع میں انٹیلی جنس پروٹیکشن آرگنائزیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔