لاہور : ایران اسرائیل جنگ کے پیش نظر ملک میں ایل پی جی کے سنگین بحران کا خدشہ ہے، جس سے گھریلوسلنڈرکی قیمت 6 ہزار روپے سے تجاوز کرسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث ایل پی جی کے سنگین بحران کا خدشہ ظاہر کردیا۔
چیئرمین ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ملک میں ایل پی جی شارٹ فال شروع ہونے کا خدشہ ہے، جس سے گھریلوسلنڈرکی قیمت6 ہزار روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔
عرفان کھوکھر نے کہا کہ فی کلو ایل پی جی 500 روپے تک پہنچ سکتی ہے اور کمرشل سلنڈر23 ہزار روپے تک جا سکتا ہے۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ یومیہ کھپت 6 ہزارمیٹرک ٹن ہے،موجودہ ذخیرہ ناکافی ہے، پورٹ قاسم پر ایل پی جی کا کل اسٹور 13ہزارمیٹرک ٹن ہے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ پاک ایران بارڈر سے 100 ہزار میٹرک ٹن ماہانہ درآمد بندہے، وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کو صورتحال سے متعلق درخواست ارسال کردی ہے۔
انہوں نے او جی ڈی سی ایل کی مقامی ایل پی جی پروڈکشن کو حکومتی کنٹرول میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، الزام لگاتے ہوئے کہا اس وقت تقسیم کے چینلز پر "ایل پی جی مافیا” کا غلبہ ہے۔