جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر بھرپور طاقت کے ساتھ میزائلوں سے حملہ کر دیا گیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) نے بتایا کہ ایران کی جانب سے 20 سے 30 بیلسٹک میزائل داغے گئے، ریسکیو اہلکار متاثرہ مقامات پر زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل نے حیفا میں ہدف کو نشانہ بنایا جبکہ حملے سے قبل شہر میں سائرن نہیں بجے جس کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
آئی ڈی ایف ہوم فرنٹ کمانڈ نے کہا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل حملے کے بعد شہری پناہ گاہیں چھوڑ سکتے ہیں، حملے میں کم از کم 27 میزائل داغے گئے جن کے اثرات حیفا اور وسطی اسرائیل میں ہوئے۔
اسرائیلی دفاعی فورسز کے مطابق پہلے بیراج میں 22 جبکہ دوسرے میں 5 میزائل داغے گئے۔
طبی ماہرین وسطی اور شمالی اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے میں زخمی ہونے والے 11 افراد کا علاج کر رہے ہیں۔
ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران پر حملہ کر دیا ہے اور اس کی جوہری تنصیبات تباہ کر دیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ہم نے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر کامیاب حملہ مکمل کر لیا، طیاروں نے فردو، نطنز اور اصفہان میں سائٹس کو نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود سے باہر آگئے، فردو میں قائم مرکزی جوہری پلانٹ پر کئی بم گرائے گئے، حملے میں امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے حصہ لیا۔
امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کروں گا، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کیلیے راضی ہونا چاہیے، تہران میں کامیاب فوجی آپریشن امریکا، اسرائیل اور دنیا کیلیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔