واشنگٹن : امریکی وزیرخزانہ اسٹیو منچن کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پرنئی پابندیاں عائد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخزانہ کا کہنا ہے انہیں توقع ہے کہ ایران پرنئی پابندیوں کا اعلان کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری ان پرنظررہے گی۔
اسٹیو منچن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں آپ توقع رکھیں کہ مزید پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ جمعے کو اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ آیا سابق امریکی صدر براک اوباما کی طرف سے ایران پرلگائی گئی امریکی اقتصادی پابندیوں میں نرمی جاری رکھیں یا نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ ایران سے جوہری معاہدے میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں یا اس سے مکمل طور پر دستبردار ہونا چاہتے ہیں۔
ایران کےساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کرنا ٹرمپ کی سیاسی خودکشی ہو گی‘ حسن روحانی
یاد رہے کہ گزشتہ سال 6 اگست کو ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاگر ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کیا تو یہ ان کی سیاسی خودکشی ہو گی۔
بعدازاں 24 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران شمالی کوریا کے ساتھ کام کررہا ہے۔ انہوں نے ایران کے میزائل تجربے پر سخت بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ باقی نہیں رہا۔