جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

اگر دشمن نے 100 جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو 1000 نئے بنا لیں گے، ایران

اشتہار

حیرت انگیز

تہران: ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے واضح کیا ہے کہ اگر دشمن نے ہماری جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کو دوبارہ تعمیر کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مسعود پیزشکیان نے جنوبی صوبے بوشہر کے دورے کے دوران کہا کہ وہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ ہماری جوہری تنصیب پر حملہ کریں گے تو آؤ اور اس پر حملہ کرو، یہ ہمارے بچوں کا دماغ ہے جس نے اسے بنایا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اگر آپ 100 جوہری تنصیبات کو تباہ کریں گے تو ہمارے بچے مزید 1000 نئے بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ممکنہ امریکی پابندیوں کا خطرہ، ایران کا اوپیک ارکان کیلیے اہم پیغام

واشنگٹن پوسٹ نے آج امریکی انٹیلیجنس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مضمون شائع کیا کہ اسرائیل آنے والے مہینوں میں ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر سکتا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اسرائیل ممکنہ طور پر 2025 کے پہلے چھ ماہ کے اندر ایران کی فورڈو اور نتانز جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

سابق امریکی عہدیداروں نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ پیشگوئی گزشتہ سال اکتوبر میں ایران پر بمباری کے بعد اسرائیل کی منصوبہ بندی کے تجزیے سے جڑی ہے۔

تاہم اسرائیلی حکومت، سی آئی اے، ڈی آئی اے اور نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے آفس نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان برائن ہیوز نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی حکومت کے ساتھ امریکا کے دیرینہ مسائل کے حل کیلیے پرامن طریقے سے بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر ایران جلد ڈیل کرنے پر آمادہ نہ ہوا تو وہ زیادہ انتظار نہیں کریں گے۔

اسرائیل کی جانب سے ایران پر متوقع حملہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلیے کسی امتحان سے کم نہیں کیونکہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں مشرق وسطیٰ اور یورپ میں امن کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں