تہران: ایران نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے حق میں بڑا بیان دیا ہے کہ تہران ہر صورت اس کی حمایت جاری رکھے گا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں موجود ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کے بعد مذکورہ بیان جاری کیا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ ایران ہر صورت حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے گا، ایران مزاحمت کی حمایت کرے گا اور حزب اللہ کے مؤقف کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی چیز کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں نہیں ہیں، ہم مسائل کے حل کی تلاش میں ہیں۔
دو روز قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کی تیل تنصیبات پر حملے کی دھمکی دی۔ دہشتگرد ملک کے وزیر اعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں اسرائیل ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملہ آور ہو سکتا ہے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر ایران کی جانب سے ایک اور حملہ ایرانیوں پر اربوں روپے کے ڈاکے کے مترادف ہوگا۔
دھمکی آمیز لہجے میں ان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملہ کر دیا تو ایران میں معاشی تباہی کی صورتحال پیدا ہو جائے گی۔