اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت کی خبر نے انھیں غمزدہ کر دیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے کہا ہم ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں، ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں سنتے ہی ایران سے رابطہ کیا گیا، اور ہم نے ایران کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ انھوں نے کہا ہم ایرانی قوم اور مرحومین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کرتے ہیں۔
انھوں نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ یہ میرا پہلا دورہ ہے، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، ایک قریبی دوست اور برادر ملک، پاکستان اور ترکیہ عوام کے درمیان تاریخی دوستی ہے، اس دوستی میں ہم ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔
وزیر خارجہ ترکیہ نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی محل وقوع کے باعث اہم تزویراتی و جغرافیائی پوزیشن ہے، اور پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف بہت سی جانیں دی گئیں، پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں ہم نے پاک ترکیہ اعلیٰ سطح تزویراتی کونسل کے اجلاس کی تیاریوں پر بات کی۔
انھوں نے کہا ہم نے غزہ کی صورت حال پر بات چیت کی ہے، پاکستان اور ترکیہ مسئلہ فلسطین کا پرامن حل چاہتے ہیں۔
حاقان فدان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ان کی ملاقات مفید رہی ہے، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔