تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مسافر طیارے کی تباہی جیسے المناک واقعے کو برادشت کرنا بہت مشکل ہے، ایران کی مسلح افواج نے سب کے سامنے غلطی تسلیم کی۔
یہ بات انہوں نے تہران میں سرکاری ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہی، حسن روحانی نے کہا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غیر ارادی طور پر مارا گیا تھا طیارے کی تباہی جیسے المناک واقعے کو برادشت کرنا واقعی بہت مشکل کام ہے۔
حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اس المناک حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، اس عمل کا صرف ایک شخص ذمہ دار نہیں ہو سکتا، لوگوں کو ذمہ داروں کے بارے میں جاننے کا پورا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے سب کے سامنے غلطی تسلیم کی یہ ایران کی مسلح افواج کا بہتر اقدام ہے، ہم تمام لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ایسا کبھی دوبارہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ متعلقہ ادارے طیارے تحقیقات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں، ایرانی حکومت غیرملکی باشندوں کی اموات پر جواب دہ ہے، طیارے میں ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کے صدر حسن روحانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ایرانی افواج کی اندرونی تحقیقات سے یہ نتیجہ نکلا ہے کہ انسانی غلطی کی وجہ سے غیر ارادی طور پر یوکرین کے مسافر طیارہ پر میزائل داغے گئے جس کی وجہ سے اسے خوفناک حادثہ پیش آیا اور 176 معصوم لوگ ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ، حسن روحانی کا یوکرینی صدر سے براہ راست رابطہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس تباہ کن غلطی پر معذرت خواہ ہے، ہماری ہمدردی اور دعائیں ان غم سے نڈھال متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، میں اپنی طرف سے بھی تعزیت کرتا ہوں۔