واشنگٹن: امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے کسی امریکی کو نشانہ بنایا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے میڈیا بریفنگ میں کہا ایران کوئی غلطی نہ کرے، امریکا اپنے شہریوں کا تحفظ اور دفاع کرے گا۔
جیک سلیوان نے ایران کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ایران نے ایسے وقت پابندیاں لگائیں جب تہران نواز پراکسی ملیشیا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں پر مسلسل حملے کر رہی ہے، لیکن امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔
واضح رہے کہ ایران نے جنرل قاسم پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی سمیت 50 سے زائد امریکیوں پر گزشتہ روز پابندیاں لگائی تھیں۔
ایران کا امریکی فوج کے اعلیٰ افسران سے متعلق بڑا فیصلہ
پابندی کے فیصلے کے تحت ایران میں موجود جنرل مارک ملی سمیت 50 سے زائد امریکیوں کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے، مذکورہ افراد پر پابندی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی ہے، اس حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پابندی والے افراد میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والے بھی شامل ہیں۔
وزارت خارجہ نے بیان میں بتایا کہ جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں زیادہ تر کا تعلق امریکی فوج سے ہے۔