واشنگٹن: عمان میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا ابتدائی دور ختم ہو گیا ہے، وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ بات چیت مثبت اور تعمیری تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے مابین عمان میں ہونے والے مذاکرات ختم ہو گئے ہیں، دونوں ملکوں کے حکام نے اگلے ہفتے مزید بات چیت پر اتفاق کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق مذاکرات کے دوران امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے ایرانی وزیر خارجہ کو صدر ٹرمپ کی بات چیت کی ہدایت کا بتایا، وٹکوف نے بتایا کہ صدر نے ہدایت کی تھی کہ ممکن ہو تو اختلافات پر بات چیت اور سفارتکاری سے حل کیے جائیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے اہم کوریڈور پر قبضہ کرلیا
وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ اسٹیو وٹکوف کا ایرانی حکام سے براہ راست رابطہ باہمی فائدے کے نتیجے کی طرف ایک قدم تھا، اور دونوں فریقوں نے اگلے ہفتے دوبارہ ملاقات پر اتفاق کر لیا ہے۔
عمانی وزیر خارجہ بدالبوسیدی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے مذاکرات دوستانہ ماحول میں ہوئے، مذاکرات میں شامل ہونے پر ایرانی اور امریکی حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امید ہے دونوں ممالک میں معاہدہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے سازگار ہوگا۔
قبل ازیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ بات چیت صرف جوہری مسئلے پر مرکوز ہوگی، دفاعی صلاحیتوں پر کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں، جوہری ہتھیاروں کےخواہاں نہیں لیکن عالمی پابندیاں ہٹانا چاہتے ہیں۔