اسلام آباد : ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی آج پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران وہ وزیراعظم شہبازشریف اورنائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران ایرانی وزیرخارجہ وزیراعظم شہبازشریف اورنائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورپاکستان ایران تعلقات پر مشاورت کی جائے گی۔
یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی اور سلامتی سمیت وسیع شعبوں میں تعاون اور بات چیت کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
سید عباس عراقچی کا اپنا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
خیال رہے یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایران کی اسرائیل کے ساتھ کشیدگی عروج پر ہے۔