تہران: ایرانی فوج نے برطانوی بحریہ کے ڈسٹرائیر جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا۔
ایرانی میڈیا تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی فوج نے برطانوی بحریہ کے ڈسٹرائیر جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا ہے، ایرانی بحریہ کے ڈرونز نے برطانوی جنگی بحری جہاز کے قریب پروازیں بھی کیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے برطانوی بیڑے کو خلیج فارس میں داخلے سے روکنے کیلئے وارننگ بھی دی گئی تھی۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے وہ برٹش نیوی کے جہاز کو بحر ہند میں داخلے کے وقت سے ہی مانیٹر کررہی تھی، برطانیہ کا مقصد اسرائیلی میزائلوں کی رہنمائی کیلئے اپنا جنگی بحری جہاز خلیج فارس لانا چاہتا ہے۔
خیال رہے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی صورتحال ہے اور ایران کو مغربی ممالک بشمول برطانوی بحریہ کی جانب سے بھی حملے کا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مزید جنگی طیارے اور فوجی اثاثے بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم کے ترجمان نے بتایا برطانیہ خطے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کررہا ہے، برطانوی اڈوں سے ری فیولنگ طیارے روانہ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید جنگی طیارے بھی جلد بھیجے جائیں گے۔