اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

ایرانی سپریم لیڈر اسرائیل کیساتھ جنگ کے بعد پہلی بار منظر عام پر، ویڈیو جاری

اشتہار

حیرت انگیز

تہران: اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پہلی بار منظر عام پر آگئے جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تہران میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کی جو اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ کے بعد پہلی بار تھی۔

ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

85 سالہ آیت اللہ خامنہ ای ہفتے کے روز سرکاری میڈیا کے ذریعے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں نمودار ہوئے جس میں دکھایا گیا کہ درجنوں افراد عاشورہ کے موقع پر ایک مسجد میں تقریب میں شریک ہیں۔

فوٹیج میں آیت اللہ خامنہ ای نعرے لگانے والے ہجوم کو ہاتھ ہلا کر جواب دے رہے ہیں اور بظاہر صحت مند ہیں، ان کے مسجد میں داخل ہوتے ہی نعرے گونجے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ ویڈیو کلپ مرکزی تہران کی امام خمینی مسجد کا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے 13 جون کو اسرائیل کے ساتھ جنگ کے باقاعدہ آغاز کے بعد سے عوامی سطح پر آنے سے گریز کیا اور ان کی ریکارڈ شدہ تقاریر نشر کی گئیں۔

جنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھہے ہیں لیکن فی الحال انہیں مارنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

26 جون کو ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ریکارڈ شدہ خطاب میں سپریم لیڈر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہتھیار ڈالنے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے قطر میں امریکی ایئربیس پر حملہ کر کے امریکا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔

جنگ کے دوران ایران میں 900 سے زائد افراد شہید ہوئے جبکہ جوابی حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 28 افراد مارے گئے تھے، 24 جون کو امریکا نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں