بغداد: عراق میں کرونا وائرس کے اسپتال میں آگ لگنے سے 27 افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا، دارالحکومت کے اسپتال ابن الخطیب میں گزشتہ رات خوف ناک آتش زدگی ستائیس افراد جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کرونا وائرس کے آئی سی یو میں آکسیجن کا سلنڈر پھٹنے سے لگی، اسپتال ذرائع کے مطابق آئی سی یو میں اچانک آگ بھڑکی جس سے آکسیجن ٹینک پھٹ گیا، جس سے شعلے بہت تیزی سے پھیل گئے۔
عراق کے وزیر اعظم نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا، دوسری طرف واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح کے عہدے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ادھر سول ڈیفنس حکام کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آگ سے بچاؤ کا کوئی سسٹم موجود نہیں تھا، اور ناقص چھتوں نے شعلوں کو آگ پکڑنے والی دیگر اشیا تک آسانی سے پھیلا دیا۔
اپنے بھائی کی عیادت کے لیے اسپتال آنے والے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب آگ بھڑکی تو لوگ کھڑکیوں سے کودنے لگے کیوں کہ ایمرجنسی یونٹ میں آگ بہت تیزی سے پھیل رہی تھی۔
ایک اور مریض کے رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ شروع میں ایک دھماکا ہوا، جس کے بعد افراتفری مچ گئی، کئی ڈاکٹر گاڑیوں پر جا کر گر گئے تھے اور لوگ چھلانگیں مار رہے تھے۔
عراقی سول ڈیفنس یونٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسپتال سے 120 مریضوں اور رشتہ داروں میں سے 90 کو بچایا گیا۔