پہلے ٹی 20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ڈبلن میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 183 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شاداب خان اور عماد وسیم ہدف کا دفاع نہ کرسکے۔
اینڈی بالبرنی نے بولرز پر لاٹھی چارج کیا اور شاندار 77 رنز کی اننگز کھیلی، ہیری ٹکر نے 36 رنزبنائے، جارج ڈوکریل 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے چار اوورز میں 54 رنز دیے، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان بابر اعظم نے 57 رنز کی انگنز کھیلی، اوپنر صائم ایوب 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فخر زمان 20 رنز بناسکے، افتخار احمد نے 15 گیندوں پر 37 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، شاہین آفریدی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ٹی 20 میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم کپتان ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس آفریدی شامل ہیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے، آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔
انگلینڈ اور قومی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے یہ میچ 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔