نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر اداکارہ کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹویٹر اکاؤنٹ گزشتہ دنوں معطل کردیا گیا تھا اس کے باوجود وہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہتی ہیں اور اپنے خیالات شیئر کرنے کے لیے انسٹاگرام کا سہارا لے رہی ہیں۔
کنگنا رناوت نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی حمایت کی جس پر عرفان پٹھان اداکارہ پر برس پڑے۔
اداکارہ نے فلسطین کے شہر غزہ پر اسرائیل کے فوجی حملوں کی تعریف کی تھی اور اسرائیل کے خلاف تنقید نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
عرفان پٹھان نے فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ربادا کے ٹویٹ کو بھی ری ٹویٹ کیا، ربادا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ فلسطین کے لیے دعا کریں۔
عرفان پٹھان کے ٹویٹ پر بی جے پی کے رکن اسمبلی دنیش چوہدری نے لکھا تھا کہ عرفان پٹھان کو دوسرے ملک سے اتنا لگاؤ ہے لیکن خود کے ملک میں بنگال پر ٹویٹ نہیں کرپاتے۔
سابق فاسٹ بولر نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میرے سبھی ٹویٹ انسانیت یا باشندگان وطن کے لیے ہوتے ہیں جبکہ کنگنا جن کا اکاؤنٹ نفرت پھیلانے کی وجہ سے معطل کردیا گیا ہے اور کچھ ایسے لوگ جن کے پیڈ اکاؤنٹ سے صرف نفرت پھیلائی جاتی ہے۔
All My tweets are either 4 humanity or countrymen, from a point of view of a guy who has represented India at d highest level. On d contrary counters I get from ppl like Kangna who’s account get dismissed by spreading hate n some other paid accounts are only about hate. #planned
— Irfan Pathan (@IrfanPathan) May 13, 2021
واضح رہے کہ کنگنا کے ٹویٹر اکاؤنٹ کو حال ہی میں معطل کردیا گیا تھا جب انہوں نے متنازع ٹویٹ کیا تھا، بعدازاں انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا استعمال شروع کردیا، وہ سوشل میڈیا پر متنازع پوسٹ شیئر کرتی رہتی ہیں۔