اسلام آباد: حکومتی سینیٹر عرفان صدیقی نے امریکی جریدے ’ٹائم‘ میں شائع ہونے والے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے مضمون پر سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سینیٹ میں (ن) لیگی پارلیمانی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی نے لکھا کہ امریکی میگزین میں عمران خان کا مضمون پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
عرفان صدیقی نے لکھا کہ مضمون میں حکومت، عدلیہ، مسلح افواج اور تمام اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، اس میں عمران خان کو اڈیالہ جیل سے نکال کر ہاؤس اریسٹ کی پیشکش کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی ملک میں فرعون کی طرح کام کر رہا تھا، شرجیل میمن
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی بھی مرحلے پر ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، بہتر ہو وہ خود بتا دیں یہ پیشکش کس کی طرف سے کس نے اور کب ان تک پہنچائی؟
جنوری میں عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے مطالبات تحریری شکل میں نہ دیے تو مذاکرات میں مشکلات آ سکتی ہیں، 12 دنوں میں مذاکرات ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھے۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ کوئی پس پردہ اور متوازی مذاکرات نہیں ہو رہے، سیاسی قیدی ہونے کا تعلق فرد کی شناخت سے نہیں بلکہ جرم کی نوعیت پر ہے، کسی سیاستدان کو فوجداری مقدمات سے استثنیٰ نہیں، پی ٹی آئی نے 45 لاپتا افراد کا ذکر تو کیا لیکن فہرست دی اور نہ نام پتے بتائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو بنی گالہ بھیجنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، کمیٹی، حکومت یا کسی اور ادارے کی طرف سے پیشکش نہیں کی گئی، ہماری طرف سے پی ٹی آئی کو سول نافرمانی ختم کرنے کا یا کوئی اور مطالبہ بھی نہیں کیا گیا۔