آئرلینڈ کی ناول نگار نے اسرائیلی پبلشنگ کمپنی کی پُرکشش پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کی ناول نگار سیلی رونی نے اپنی نئی ناول (Beautiful World Where Are You) کا اسرائیلی پبلشنگ کمپنی موڈان کی جانب سے اس کے عبرانی زبان میں ترجمے کی پیشکش کو ٹھکرادیا۔
اپنے بیان میں اکتیس سالہ رونی نے کہا کہ اسرائیلی کپمنی موڈان نے میری کتاب کا عبرانی زبان میں ترجمہ کرنے کے لئے رابطہ کیا، مگر میں نے فلسطین کی قیادت میں بائیکاٹ، تقسیم اور پابندیوں (بی ڈی ایس) تحریک کے باعث اس پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
سیلی رونی نے کہا کہ فی الحال میں نے اپنے ترجمہ کے حقوق کو اسرائیلی پبلشنگ ہاؤس کو فروخت نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ ہر کوئی میرے فیصلے سے متفق نہیں ہوگا، لیکن موجودہ حالات میں میرے لیے کسی اسرائیلی کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ قبول کرنا درست نہیں ہوگا۔
کیونکہ اس کمپنی نے نسلی تفریق کی اسرائیلی پالیسی سے عوامی سطح پر دوری نہیں اختیار کی اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ ہونے کے باوجود فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت بھی نہیں کی۔
رونی کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جس پر رونی نے واضح کیا کہ وہ اپنی کتاب کا عبرانی میں ترجمہ کیے جانے کے خلاف نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ "میرے نئے ناول کے عبرانی زبان میں ترجمے کے حقوق اب بھی دستیاب ہیں اور اگر میں اس حقوق کو بی ڈی ایس موومنٹ کے رہنما اصولوں کے مطابق فروخت کرنے کا کوئی راستہ تلاش کروں تو مجھے ایسا کرنے پر بہت خوشی اور فخر ہو گا۔
دوسری جانب فلسطین کے حقوق کی مہم چلانے والوں نے مصنف کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، فلسطینی کمپین فار دی اکیڈمک اینڈ کلچرل بائیکاٹ آف اسرائیل (پی اے سی بی آئی) نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’ کسی بھی نسلی تفریق والے ریاست اور اداروں کے ساتھ معمول کے مطابق کوئی کاروبار نہیں ہونا چاہیے۔
ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے آئرش مصنفہ کے اس اقدام کو "ایک نئے بھیس میں یہود دشمنی” قرار دیا ہے۔
Palestinians warmly welcome acclaimed Irish author Sally Rooney’s decision to refuse a deal with Modan Publishing House, an Israeli publisher complicit in Israel’s regime of apartheid, occupation & settler-colonialism that killed more than 240 Palestinians in May this year alone. pic.twitter.com/aFm0QU5dqB
— PACBI (@PACBI) October 12, 2021
واضح رہے کہ رونی کے تین ناول اب تک شائع ہو چکے ہیں، ان میں سے پہلا ناول سن 2017 میں شائع ہوا تھا اور اس کا نام ‘دوستوں کے ساتھ گفتگو ‘ (کنورسیشن وِد فرینڈز) تھا۔
دوسرا ناول سن 2018 میں ‘عام افراد‘ (نارمل پیپل) کے عنوان سے شائع ہوا۔ تیسرا ناول رواں برس ستمبر میں شائع ہوا ہے، اس کا نام ‘خوبصورت دنیا، تم کہاں ہو‘ (بیوٹیفُل ورلڈ، ویئر آر یُو) ہے۔