ون ڈے کرکٹ سے گزشتہ سال ریٹائرمنٹ لینے والے انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا امکان ہے۔
بین اسٹوکس نے گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اس موقع پر ان کا بیان سامنے آیا تھا کہ اب ان کا سارا فوکس ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر ہے، تاہم اب اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ انگلش کپتان ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لئے تیار ہیں۔
برطانوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انگلینڈ کے کپتان نے کہا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے سکتے ہیں، جبکہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔
بین اسٹوکس ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں مڈل آرڈر میں بلے بازی کرسکتے ہیں، وہ ریگولر بیٹر کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے کے لیے اسٹوکس آئی پی ایل کا سیزن چھوڑ سکتے ہیں، بین اسٹوکس کا آئی پی ایل میں 16 لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں منعقد کیا جائے گا، برطانیہ کرکٹ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔