کراچی: معروف پاکستانی گلوکار فلک شبیر نے اہلیہ سارہ خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کی دنیا کے قدم رکھنے کا عندیہ دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق ’روگ‘ گانے سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے گلوکار فلک شبیر نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جارہے ہیں، گلوکار کا کہنا ہے اداکاری مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
فلک شبیر نے کہا کہ اداکاری کے لیے آپ کو زیادہ تحمل کی ضرورت ہوتی ہے اس کے برعکس بطور گلوکار محافل موسیقی بہت ہی خوشگوار ہوتی ہے اور ماحول سرد ہوتا ہے، مداحوں سے ملتے ہیں، گفتگو کرتے ہیں تو اس میں کافی تفریح میسر آتی ہے، محافل موسیقی میں سب کچھ زندہ دل اور تفریح ہے۔
مزید پڑھیں: سارہ خان اور فلک شبیر رشتہ ازدواج میں منسلک
انہوں نے بتایا کہ ایک دن سارہ سے ملنے کے لیے سیٹ پر پہنچا تو احسان ہوا کہ اداکاری میں بہت صبر کی ضرورت ہوتی ہے، آپ کو ایک ہی سیٹ پر 10 سے 12 گھنٹے گزارنے پڑتے ہیں لہٰذا مجھے یقین ہے کہ اداکاری کرنا مشکل ہے لیکن یہ ناممکن نہیں۔
گلوکار نے کہا کہ میں نے اہلیہ سارہ خان سے اداکاری کی کلاسز لینا شروع کردی ہیں اور اچھے کی امید ہے، جب اداکاری کروں گا تو آپ کو یقیناً حیرانگی ہوگی۔
یاد رہے کہ 16 جولائی کو سارہ خان اور فلک شبیر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اُن کی منگنی اور رخصتی میں صرف ایک دن ہی لگا۔ ایک روز قبل یعنی 15 جولائی کو اداکارہ نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اپنے دلہا کا انتخاب کرلیا، بعد ازاں سارہ نے بتایا کہ وہ فلک شبیر ہیں۔