کابل : داعش نے قندھار کی مسجد میں خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی، دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار کی مسجد میں جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 63 ہو گئی ہے جبکہ 90 دیگر زخمی ہیں۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ داعش نے مسجد میں خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے اور بیان میں کہا کہ داعش کے دو جنگجوؤں نے مسجد کے محافظوں کو گولی مار کر ہلاک کیا اور بعد میں ، نمازیوں میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
خیال رہے گذشتہ جمعے کو بھی افغانستان کے شہرقندوز میں نمازجمعہ کے دوران مسجد کے اندر دھماکا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق اور 100 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
واضح رہے رواں ماہ کے آغاز میں اماراتِ اسلامی کی سیکیورٹی فورسز کے ایک خصوصی یونٹ نے کابل کے ضلع میں داعش کے خلاف آپریشن کیا ، افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن میں داعش کے جنگجوؤں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں داعش کے تین جنگجو مارے گئے تھے۔