ممبئی: بالی وڈ کے نامور اداکار و فلمساز فرحان اختر نے اداکارہ کیارا ایڈوانی کی فلم ’ڈان 3‘ میں بطور ہیروئن شمولیت کے بارے میں خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جب سے فرحان اختر نے ڈان فرنچائز کی تیسری قسط بنانے کا اعلان کیا ہے تب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ہیروئن کیلیے کیارا ایڈوانی کا نام فائنل کیا گیا ہے تاہم ایسا ہرگز نہیں ہے۔
فرحان اختر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی کردار رنویر سنگھ کے مقابلے میں ہیروئن کی تلاش جاری ہے، میں خود سے ایسا کچھ نہیں بتانا چاہتا جو آگے چل کر مجھے واپس لینا پڑے لہٰذا انتظار کیجیے۔
متعلقہ: رنویر سنگھ کے بچپن کا ایک بڑا خواب پورا ہوگیا، تصاویر وائرل
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہیروئن کا نام فائنل ہوتا ہے ہم اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
اگر کیارا ایڈوانی کو ’ڈان 3‘ میں کاسٹ کیا جاتا ہے تو یہ ان کے کیریئر کی ایک اور بڑی کامیابی ہوگی کیونکہ اس سے قبل اداکارہ ’وار 2‘ اور ’گیم چینجر‘ جیسی بڑی فلموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
فلم کیلیے رنویر سنگھ کے نام کا اعلان کرنے کے بارے میں فرحان اختر نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ رنویر کیلیے اچھا موقع ہے کہ وہ دنیا کو بتایا کہ وہ ’ڈان‘ بننے جا رہے ہیں۔
فرحان اختر نے کہا کہ لوگ آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر سمجھنا شروع کر دیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے لہٰذا ہمیں اس پر تھوڑا سا وقت درکار ہے۔
خیال رہے کہ جب ’ڈان 3‘ کیلیے رنویر سنگھ کے نام کا اعلان کیا گیا تو سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداح ناراض ہوگئے اور انہوں نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ ’اگر شاہ رخ خان نہیں تو پھر ڈان بھی نہیں۔‘