کراچی : اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جیب کتروں کی بھرمار ہے، مسافروں نے موقع پر ہی تین جیب تراش دھر لئے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس پر مسافروں کے رش اور ان کی مصروفیت کا فائدہ اٹھا کر جیبیں کاٹنے والا گروہ سرگرم ہوگیا، مسافروں کی بڑی تعداد اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں نے چار جیب کتروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، لاتوں اور گھونسوں سے ٹھیک ٹھاک دھلائی کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔
اسی دھکم پیل میں ایک ملزم لوگوں کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مسافروں نے ایئرپورٹ سے پکڑے جانے والے تین ملزمان کو تھانہ ایئرپورٹ چوکی کے حوالے کردیا
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے، فرار ہونے والے ملزم کی تلاش بھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ جیب تراش حج پروازوں کے مسافروں کی جیبوں سے پیسے نکال رہے تھے، اے ایس ایف، سول ایوی ایشن ویجیلنس سمیت دیگر ادارے اس معاملے سے لاعلم تھے، مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ان جیب تراشوں کو پکڑا۔