تازہ ترین

بھارت کے امیرترین شخص کی بیٹی کی مہنگی ترین شادی

نئی دہلی : بھارت کے امیرترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر کی اہم شخصیات کی شرکت نے چارچاند لگادیے جبکہ بالی ووڈ اسٹارز نے بھی رونق لگائی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کےامیرترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کی تقریبات کا آغاز شہر اُدے پور میں ہوگیا ہے ، تقریبات میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ اسٹار کی شرکت نے چارچاند لگائے جبکہ سابق امریکی خاتون اول ہیلری کلنٹن بھی شریک ہوئیں۔

مشہور امریکی گلوکارہ بیونسے نے روایتی انڈین لباس پہن کر محفل کو اپنی شاندارپرفارمنس سے گرمایا۔

شادی میں شاہ رخ خان، عامر خان، ایشوریا اور ابھیشیک بچن بھی رقص کرتے نظر آئے جبکہ بالی ووڈ کی نئی دلہنیں پریانکا اور دپیکا بھی پہنچیں۔

مہمانوں کے لیے سو چارٹرڈ طیارے، لگژری گاڑیاں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کا انتظام کیا گیا۔

ایشا امبانی کی شادی ارب پتی شخص آنند پیرامل سے بارہ دسمبر کو ہوگی، شادی کے لیے زیورات اور ملبوسات کے لیے بھی بھارت کے مہنگے ترین ڈیزائنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔

اس سے قبل ایشا کی شادی کا کارڈ منظر عام پر آیا تھا جسے مہنگا ترین دعوت نامہ قرار دیا گیا، دعوت نامہ گلابی رنگ کے بڑے ڈبے میں تھا جس پر دلہا دلہن کا نام انگریزی الفاظ میں درج تھا، اس کارڈ میں چھوٹے چھوٹے ڈبے سجائے گئے، جنہیں سونے سے تیار کیا گیا تھا اور ان ڈبوں میں سونے کی مالائیں موجود ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق اس کارڈ کی قیمت 3 لاکھ روپے ہے۔

مزید پڑھیں : سسر کا بہو کے لیے 452 کروڑ روپے کا تحفہ

پرتعیش شادی سے قبل قیمتی اور مہنگے تحائف دینے کا سلسلہ جاری ہے، ایشا کے سسر نے انہیں ممبئی کے علاقے ورلی میں نیا تعمیر ہونے والا 452 کروڑ روپے کا بنگلہ شادی کے تحفے کے طور پر اپنی بہو کو دیا تھا۔

یاد رہے ایشا اور آنند کی منگنی اٹلی میں ہوئی تھی اور اس میں امریکہ کے موسیقار جان لیجنڈ اور بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا اور بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔

خیال رہے بھارت کے امیرترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کو مہنگی ترین شادی قرار دیاجارہا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل 2004 میں لندن میں مقیم بھارتی تاجر لکشمی متل کی بیٹی کی شادی میں اس قدر دھوما دھام سے ہوئی تھی، لکشمی متل نے اپنی بیٹی کی شادی فرانس کے تاریخی محل پیلس آف ورسائے میں کی اور شادی کا مجموعی بل تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ امریکی ڈالر آیا تھا۔

Comments

- Advertisement -