اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاک سعودی عرب اسٹریٹیجک شراکت داری نئےدورمیں داخل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی عرب اسٹریٹیجک شراکت داری نئے دور میں داخل ہوگئی ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اقتصادی بحالی کے ایجنڈے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
انھوں نے بتایا پاکستان کی معیشت پائیدارترقی کی راہ پرگامزن ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی آزادی اور خودمختاری کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، سعودی وفد کا دورہ پاکستان باہمی شراکت داری کا عکاس ہے، پاکستان سعودی قیادت کو نہایت عزت اوراحترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا جا رہا ہے، آئی ٹی سیکٹر میں بھی بہتری آرہی ہے اور مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، پاکستان جلد دنیا کی 24 ویں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب ہرمشکل میں ایک دوسرے کیساتھ رہے، پاکستان سعودی عرب کوکان کنی کےشعبےمیں سرمایہ کاری کی دعوت دیتاہے، پاکستان میں آئی ٹی کاشعبہ عالمی سرمایہ کاروں کوراغب کررہا ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک سعودی بزنس فورم میں دونوں ممالک نے تعاون بڑھانے کا عزم کیا ہے اور پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کیلئے پرعزم ہے، زراعت، افزائش حیوانات کے شعبے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے سعودی سرمایہ کاری کیلئے کھلے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ہماری ترجیح میکرواکنامک استحکام ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ صرف معیشت پر ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کی مد میں سعودی عرب نے قابل ذکر مدد کی۔